ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں ایکسس بینک کے 7.5کروڑ روپوں سے بھری وین لے جانے والے 4ملازمین رقم سمیت لاپتہ

مینگلور میں ایکسس بینک کے 7.5کروڑ روپوں سے بھری وین لے جانے والے 4ملازمین رقم سمیت لاپتہ

Sat, 13 May 2017 17:05:01    S.O. News Service

منگلورو 13؍مئی (ایس او نیوز) منگلورومیں ایکسس بینک کی اییاڈی شاخ سے 7.5کروڑ روپے وین میں لے جانے کی ذمہ داری Prosegur-Holdings کے جن چار ملازمین کو دی گئی تھی، وہ تمام ملازمین اس بھاری رقم کے ساتھ لاپتہ ہوجانے کی واردات پیش آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ رقم ایکسس بینک کی بنگلورو کورامنگلاشاخ میں پہنچانی تھی۔او ر اس کی ذمہ داری Prosegur-Holdingsکمپنی کو دی گئی تھی۔ کمپنی نے اس کام کو انجام دینے کے لئے اپنے چار ملازمین بھیجے تھے جن کے نام وین ڈرائیور کری بسوا ،کسٹوڈین پرشو راما،گن مین پوونّا اور باسپّا بتائے جاتے ہیں ۔ 11 مئی کویہ لوگ ایکسس بینک کی اییاڈی شاخ سے 7.5کروڑ کی رقم سے بھرے ہوئے باکس وین میں رکھ کر روانہ ہوئے ۔لیکن یہ رقم نہ بنگلورو پہنچی اور نہ ہی ان ملازمین کا کوئی پتہ چلا۔

Prosegur-Holdingsکمپنی کی طرف سے اس کے انچارج سچن نے کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر تحقیقات کے دوران و ہ بولیرو وین ہونسور نامی علاقے میں بالکل خالی حالت میں لاوارث چھوڑی ہوئی پائی گئی ہے۔ لیکن اس میں رقم لے کر سفر پر نکلے ہوئے افراد کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ان بھگوڑوں کے موبائل فون بھی سوئچ آف بتا ئے جاتے ہیں۔پولیس کمشنرایم چندرا شیکھر نے اس کیس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی ہے۔گمان کیا جاتا ہے کہ مذکورہ بالا چار افراد کے علاوہ دیگر کچھ لوگ بھی اس لوٹ اور دھوکہ دہی میں شامل ہیں ، جن کی مدد سے سفر کے دوران آدھے راستے پر ہی بولیرو وین لاوارث چھوڑ تے ہوئے رقم کو دوسری کسی گاڑی میں منتقل کرکے یہ لوگ فرار ہوگئے ہیں۔پولیس نے ان لٹیروں کو گرفتار کرنے کے لئے جال بچھادیا ہے۔


Share: